ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / شرتھ مڈیوال قتل معاملے میں پی ایف آئی کے عہدیدار سمیت دو ملزمین گرفتار

شرتھ مڈیوال قتل معاملے میں پی ایف آئی کے عہدیدار سمیت دو ملزمین گرفتار

Tue, 15 Aug 2017 20:18:29  SO Admin   S.O. News Service



منگلورو15؍اگست (ایس او نیوز) آر ایس ایس رضاکار شرتھ مڈیوال قتل معاملہ جوکہ سنسنی خیز بنتا جارہاتھا اس کے تعلق سے پولیس کے بیان کے مطابق دو ملزمین کواب گرفتار کر لیا گیا ہے، جس میں سے ایک ملزم پاپولر فرنٹ آف انڈیا چامراج نگر کا صدر بتایا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس (مغربی زون)ہری شیکھرن نے اخباری کانفرنس میں بتایا کہ قتل کی گہری چھان بین اور تحقیقات کے بعد جن دو لوگوں کو پولیس نے باقاعدہ گرفتار کیا ہے ان میں ایک کا نام عبدالشافع(۳۶سال)ہے جو کہ بنٹوال تعلقہ کے سجی منّی پور کا رہنے والاہے اوردوسرے کانام خلیل اللہ (۳۰سال) ہے جو کہ چامراج نگر کا رہنے والاہے، اور پی ایف آئی کی چامراج نگر یونٹ کا صدر ہے۔ان دونوں ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے پولیس کسٹڈی میں لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ قتل کے اس معاملے میں شامل مزید چار پانچ لوگوں کے بارے میں بھی پتہ چلا ہے اور ان کو بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔اس قتل کی سازش رچنے والوں میں دو ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے ملزموں کو فرار ہونے کے لئے گاڑیوں کا انتظام کیا تھا۔
آئی جی پی نے مزیدبتایا کہ اس قتل کے معاملے کو حل کرنے کے لئے سات پولیس افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھی۔جنہوں نے30 افراد سے پوچھ تاچھ اورتفتیش کی۔تحقیقات کا دائرہ مہاراشٹرا ، کیرالہ ، تملناڈو،بنگلورو، کاروار،شیموگہ اور دیگر مقامات تک پھیلادیا گیا تھا۔اس کے علاوہ بیلگاوی، کاروار، منگلورواور میسورو کے جیل خانوں پر بھی نگاہ رکھی گئی تھی۔قتل کے مقصد کے تعلق سے پوچھے جانے پر آئی جی پی نے بتایا کہ ابھی اس تعلق سے کوئی حتمی بات کہنا قبل از وقت ہوگا، صحیح تفصیل ملزمین سے اگلی تفتیش کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
آئی جی پی نے تحقیقاتی ٹیموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے مناسب انعام دیاجائے گا۔ ذاتی طورپر انہوں نے تحقیقاتی ٹیم کے لئے 25ہزار روپے نقد انعام سے نوازاجوکہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سدھیر کمار کے حوالے کیا گیا۔


Share: